سردار فتح محمد کریلوی

تحریر:۔ محمد صادق جرال

سردار فتح محمد کریلوی تاریخ ساز شخصیت تھے اپنی 90 سالہ زندگی میں 60 سال سے زیادہ کشمیر کے مظلوم لوگوں کے بنیادی ، انسانی، سماجی حقوق کے حصول کی کوشش کی۔ کشمیری مسلمانوں کی حالت زار دیکھ کر 1927ءمیں پولیس کی ملازمت چھوڑ دی اور ڈوگرہ حکمرانوں کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف میدان عمل میں نکلے۔

 رئیس الحرار چودھری غلام عباس کی قائم کردہ ینگ مسلم مین ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے جدوجہد شروع کی۔ ریاست پونچھ کے کنوینئر مقرر ہوئے۔ ڈوگرہ حکمرانوں کی طرف سے ظالمانہ ٹیکس کے خاتمے کے لئے تھکیالہ پراوا تحصیل مینڈھر اور پونچھ میں علم بغاوت بلند کیا۔

 اپنے والد گرامی سردار فیروز خان کی قیادت میں بڑے جلسے میں سول نافرمانی کا آغاز کیا۔ مہاراجہ کشمیر اور راجا پونچھ کی حکومت اور انتظامیہ کو دھچکا لگا۔ جس کے لئے مہاراجہ کو انگریزوں سے فوجی مدد طلب کرنا پڑی۔ آپ کے والد سردار فیروز خان کو جدوجہد کے جرم میں 10 سال قید بامشقت کی سزا دی گئی۔

 1930ءاور 1931ءکے دور میں چودھری غلام عباس‘ شیخ عبداللہ‘ میر واعظ محمد یوسف اور دیگر رہنماﺅں سے مل کر تحریک آزادی کشمیر کے سلسلے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ 1932ءمیں چودھری غلام عباس سے مل کر آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے قیام میں کردار ادا کیا۔ 1944ءکے عام انتخاب میں پرجا سبھا کے لئے مسلم کانفرنس کے امیدوار کی حیثیت سے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ 1947ءتک طویل عرصہ کشمیر اسمبلی کے ممبر رہے۔

 آپ قائداعظم اور علامہ محمد اقبال سے متاثر تھے۔ اکثر رہنمائی لینے کے لئے علامہ اقبال کے پاس لاہور جایا کرتے تھے۔ 23 مارچ 1940ءکو لاہور میں قائداعظم کی صدارت میں ہونے والے تاریخ ساز اجلاس میں کشمیر کے وفد کے ساتھ شرکت کی۔ اور کشمیریوں کی نمائندگی کی۔

 1944ءمیں قائداعظم کے دورہ کشمیر کے دوران آپ نے ان کے حفاظتی دستے کے نگران کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے۔ 19 جولائی 1947ءکو تاریخ ساز قرارداد الحاق پاکستان میں بھرپور اور جاندار کردار ادا کیا۔ قیام پاکستان کے بعد مہاجرین کی آباد کاری اور دیگر مسائل کے ضمن میں بھرپور کوشش کی۔

 اپنی زندگی میں اپنے بیٹے سردار سکندر حیات کو پہلی بار 1970ءکے انتخاب میں کھڑا کیا۔ شاندار کامیابی دلائی۔ بعدازاں سالار جمہوریت سردار سکندر حیات نے میدان سیاست میں بے شمار کامیابیاں حاصل کیں۔ آپ وزیر‘ وزیراعظم اور ریاست کے صدر بھی رہے۔

 اب ان کے بیٹے سردار فاروق سکندر جناب وزیراعظم راجا محمد فاروق حیدر کی کابینہ میں وزیر ہیں۔اس وقت ان کی  تیسری نسل میدان عمل میں ہے۔

سردار فتح محمد اور سردار سکندر کی زندگی کھلی کتاب ہے۔ 15 مارچ کو ان کی برسی منائی جاتی ہے۔ تحریک آزادی کشمیر‘ الحاق پاکستان‘ سیاسی تشخص پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا۔ یہی ہمارے لیے پیغام ہے۔

http://www.nawaiwaqt.com.pk/mazamine/13-Mar-2017/576671


افکار و نظریات: سردار فتح محمد کریلوی