بھارتی جرنیل گتھم گتھا!!
 اگلا مورچہ ۔ عمر چوہدری 

 

”اختیارات “کی جنگ میں نریندر مودی نے اپنے دو لیفٹیننٹ جنرل بھی جھونک دیے ہیں بھارتی میڈیا نے پاکستان سے ملحقہ طویل پنجاب اور راجستھان کی سرحد پر تعینات ساﺅتھ ویسٹرن کمانڈ کے دو کمانڈروں میں جاری ”جنگ“ کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ دونوں جرنیلوں نے اختیارات کے وسیع تر ”مفاد“ کی خاطر اعلیٰ حکام کے احکامات ماننے سے انکار کر دیا ہے جبکہ دونوں جرنیل اپنی اپنی” مونچھوں کو تاﺅ“ دینے لگے ہیں جونیئر جنرل کے کے ریپس وال نے اپنے سینئر کمانڈر جنرل الوک کلیر کے احکامات چیلنج کر کے اسے تگنی کا ناچ نچا رکھا ہے بھارت کے عسکری حلقے اس صورتحال کو ”نازک“ بتا رہے ہیں دنیا بھر میں فوجی دستور کے مطابق سینئر کے اختیارات واحکامات پتھر پر لکیر ہوتے ہیں جنہیں کسی صورت بھی ”ٹالا“ نہیں جا سکتا اور حکم عدولی فوج سے فراغت اور کورٹ مارشل کا پیش خیمہ بھی ہو سکتی ہے۔ دنیا بھر کے عسکری کمانڈر بھارتی جرنیلوں کی اس ”مستی“ کی خبر کو سنجیدگی کی بجائے لطیفہ سمجھ کر ان کے ”مستقبل“ کا انتظار کر رہے ہیں بھارت کے جونیئر فوجی سٹاف کی خود کشیوں کی تعداد میں ہو شربا اضافے نے جہاں پہلے ہی بھارتی کمانڈروں کو اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے اب دو لیفٹیننٹ جنرل ”مد مقابل“ آنے سے صورتحال مزید گھمبیر ہو چکی ہے ظاہر ہے دو جرنیلوں کے دائرہ اختیار میں ان کے جونیئر میجر جنرل ،بریگیڈیئر ز ،کرنل بھی ہونگے جو اس مخمصے کا شکار ہوں گے کہ کس ”جرنیل“ کی ”تابعداری“ کرنی ہے کس کے حکم ماننے ہیں اور کس کو ”دو ٹوک“ جواب دینا ہے یقینا ”را“ کے دعوے بھی خاک میں مل گئے ہیں جنہیں اپنے دو لیفٹیننٹ جنرل کے درمیان کھینچا تانی کی ”اطلاعات“نہ مل سکیں یا پھر ”را “نے اس صورتحال کا ”مزہ“لینے کے لئے جان بوجھ کر مزید ”بگڑنے“کا انتظار کیا۔ تا ہم یہ بات یقینی ہے کہ دو لیفٹیننٹ جنرلز کے درمیان رسہ کشی سے ”مودی“سرکار کا جنازہ اٹھنے کو ہے کہ جن جرنیلوں کی بڑھکوں پر ”ناز“کر کے وہ اپنے ہمسایوں کو گیدڑ بھبکیاں دیتا تھا وہی ایک دوسرے سے دست ِ گریبان ہیں ۔دنیا بھر کے میڈیا ہاﺅسز اور خصوصاً ہمارے وطن دوستوں حلقوں نے اس خبر کو خوب مزے لے کر نشر کیا پاکستان کے ایک انتہائی محب وطن میڈیا ہاﺅس نے بریکنگ نیوز میں اس خبر کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ کہ مودی کی چھپن انچ کی چھاتی پہلے ہی سکڑ کر آدھی رہ گئی تھی اب بھارتی فوج نے ڈوبنے کے لئے چلو بھر پانی کا انتظام بھی کر دیا ہے پاکستان میں گھس کر مارنے کی بڑھکیں لگانے والے جرنیل آپس میں ہی گتھم گتھا ہو گئے ہیں ،’ہندوستان ٹائمز‘ نے بتایا ہے کہ دونوں لیفٹیننٹ جرنیلوں کے” معاملات “کی چھان پھٹک کے لئے بھارتی آرمی چیف’ ایم ایم نروا نے ‘،نے اپنے وائس چیف کو انکوائری آفیسر مقرر کیا ہے۔ دلچسپ صورتحال تو اس وقت ہو گی جب انکوائری آفیسر بذات خود ساﺅتھ ویسٹرن کمانڈمیں جاتا ہے تو دونوں جرنیلوں میں کون اسے RECEIVEکرے گا یا اگر دونوں کو طلب کیا جاتا ہے تو دونوں کی مسلح گارڈ کیا ”چن “چڑھائے گی !بس تیل دیکھیں اور تیل کی دھار دیکھیں !

 


افکار و نظریات: بھارتی جرنیل گتھم گتھا