کشمیر ایک اصولی مسئلہ ہے

قم (سید علی کمیل)
ایران کے شہر قم میں بروز جمعرات مورخہ ٦ اکتوبر ٢٠٢٢ کو سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کی جانب سے نشست کا اہتمام کیا گیا. جس میں فورم کے اساسی اراکین اور ہیت مدیرہ نے آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا. اراکین نے فورم کے اغراض و مقاصد کے حصول کیلئے ٹیم کی فعالیت کا جائزہ لیا. شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ حکمرانوں کی تبدیلی اور ملکی سیاسی صورتحال کو مسئلہ کشمیر پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے ہم سب کو انفرادی اور اجتماعی کاوشیں جاری رکھنی چاہیے۔ علاؤہ ازیں سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کے زیر اہتمام کانفرنسز اور سیشنز کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی کی گئی۔

اس موقع پر محترم سید افتخار نقوی، قبلہ محمد بشیر دولتی، آقا منظوم ولایتی، جناب ناصرحسینی، گرامی القدر علی رہبر، محترم مشرب حسین، آقاکمیل گردیزی اور محترم نذر حافی نے فورم کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

شرکائے اجلاس نے اس امر کی تاکید کی کہ مسئلہ کشمیر ایک اصولی اور نظریاتی مسئلہ ہے لہذا اس کو ہر فورم پر مسلسل اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔