کل کی بات۔۔۔

ایم ڈبلیو ایم قم کی طرف سے شہید نقوی اور سید ثاقب اکبر مرحوم کو خراج عقیدت

رپورٹ :- رفیق انجم

11/3/2024


شہید محمد علی نقوی اور سید ثاقب اکبر نقوی نے پاکستان میں بڑے بڑے طوفانوں کا مقابلہ کیا، حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی


ملت پاکستان کو شروع سے ہی مختلف بحرانوں کا سامنا ہے۔ ہر زمانے میں مختلف شخصیات نے ملت پاکستان کی مدد کی ہے۔ شہید ڈاکٹر نقوی اور سید ثاقب اکبر نے ملت پاکستان کی فلاح و بہبود، تعمیر و ترقی اور شعور و بیداری کیلئے کئی تعلیمی، فلاحی، رفاحی اور اصلاحی خدمات انجام دیں۔ ان کا راستہ واضح اور روشن ہے۔ انہوں نے اپنی زمہ داریوں کی صحیح تشخیص دی، اپنے فرائض کو درست پہچانا اور اپنی زمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے اس دارفانی سے دار بقا کی طرف چلے گئے۔

تفصیلات کے مطابق شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی اور سید ثاقب اکبر نقوی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایم ڈبلیو ایم قم نے موسسہ باقرالعلوم کے کانفرنس ہال میں ایک تحلیلی و تجزیاتی نشست منعقد کی۔ نشست کا آغاز محترم منظور حسین حیدری نے تلاوت قرآن مجید سے کیا۔ ان کے بعد ایم ڈبلیو ایم قم کے صدر علامہ سید شیدا حسین جعفری نے نشست کا افتتاحیہ بیان کیا۔

انہوں نے اپنے افتتاحیے میں شہدا کی خصوصیات بیان کیں اور کہا کہ شہدا نے ہمیں انا کو قربان کر کے خدا تک پہنچنا سکھایا ہے۔ اس موقع پر رفیق انجم نے ترانہ شہادت بھی پیش کیا۔

بعد ازاں مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ امور خارجہ کے مسئول حجۃالاسلام ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے شہید ڈاکٹر نقوی اور سید ثاقب اکبر مرحوم کی خدمات کا ایک جامع خلاصہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا یہ پاکستان کے عظیم فرزند ہیں اور یہ ہمیشہ وقت سے پہلے آنے والے حالات کیلئے منصوبہ بندی کیا کرتے تھے۔ ان کی نگاہیں صرف پاکستان کے حالات تک محدود نہیں تھیں بلکہ وہ عالمی تحریکوں اور بین الاقوامی حالات سے بھی مرتبط اور آگاہ رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بڑے بڑے بحران آئے اور ہر دور میں عظیم شخصیات نے ملت کو ان بحرانوں سے نکالا ہے۔ ان عظیم شخصیات میں ایک بڑا نام قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کا ہے۔ شہید ڈاکٹر نقوی اور سید ثاقب اکبر نے پاکستان میں بڑے بڑے طوفانوں کا مقابلہ کیا ہے۔ یہ دونوں پاکستان میں حضرت امام خمینی اور قائد حسینی کی بیداری اور شعور کی تحریک کے روح رواں تھے۔


افکار و نظریات: google, print, voice, nation