قیوم نظامی

پنجاب میں شاہراہیں، موٹرویز اور میٹروز تو نظر آتی ہیں مگر پنجاب کے باسی بنیادی سہولتوں سے آج بھی محروم ہیں۔ ان کو صاف پانی، تعلیم اور صحت کی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ بے روزگاری اور جرائم میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کا اندازہ تربت کے سانحہ سے لگایا جاسکتا ہے۔

 پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے بیس غریب نوجوانوں کو ایرانی سرحد کے قریب تربت ڈسٹرکٹ میں انتہائی بے دردی سے قتل کرکے گڑھوں میں پھینک دیا گیا۔ غریب خاندانوں کے یہ لخت جگر روزگار کے لیے انسانی سمگلروں کے ہتھے چڑھ گئے جنہوں نے ان سے ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے لے کر ایران کے راستے ترقی یافتہ ملکوں میں غیر قانونی طور پر پہنچانے کا وعدہ کیا۔

 اگر ان غریب نوجوانوں کو اپنے ملک میں روزگار کے مواقع حاصل ہوتے تو وہ قرض لے کر، مائوں کے زیور بیچ کر بیرون ملک روزگار کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے پر کبھی مجبور نہ ہوتے۔ بیس نوجوانوں کے ساتھ مائوں اور بہنوں کے خواب بھی لہو لہو ہوگئے۔

 پاکستان کے وزیراعظم کو اس المناک سانحے کا نوٹس لینا چاہیئے تھا مگر اس کا نوٹس بھی غریب عوام کے ہمدرد اور خدا کا خوف رکھنے والے چیف جسٹس پاکستان محترم ثاقب نثار کو لینا پڑا۔ ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق ایران نے گزشتہ ایک سال میں پاکستان کو 19ہزار نوجوان واپس کیے جو انسانی سمگلروں کے جھانسے میں آکر غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہوئے۔

ایک رپورٹ کے مطابق دنیا میں انسانی سمگلنگ آمدنی کا دوسرا بڑا ذریعہ بن چکا ہے۔ حکومتیں مجرموں کو قانون کے شکنجے میں لانے ان کو سزائیں دلوانے اور کیفر کردار تک پہنچانے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ انسانی سمگلنگ کو روکنا ایف آئی اے کی ذمے داری ہے۔

کرپشن اور سفارشی بھرتیوں کی وجہ سے حکومتی ادارے استعداد کار کے حوالے سے زوال پذیر ہوچکے ہیں جو دو ادارے فعال، مستعد اور مستحکم نظر آرہے ہیں ان کو کمزور کرنے کی کوششیں صاف دکھائی دے رہی ہیں۔ غریب عوام لاوارث ہوچکے ہیں ان کی قدروقیمت بھیڑ بکریوں سے بھی کم ہوکررہ گئی ہے۔ غریب خاندانوں کے بچے جوانی کی عمر میں اپنی جانیں گنوا بیٹھیں تو پاکستان کے لیڈر ان کی موت پر افسوس کا اظہار بھی نہیں کرتے۔ ایک مفکر کاقول ہے کہ سرمایہ دار اور جاگیردار اگر غلاف کعبہ پہن کر بھی آجائے تو عوام کے ہمدرد نہیں ہوسکتے۔ اللہ عوام کو اپنے دوستوں اور دشمنوں میں تمیز کرنے کی توفیق اور شعور عطا فرمائے۔

بشکریہ نوائے وقت

http://www.nawaiwaqt.com.pk/adarate-mazameen/22-Nov-2017/709494


افکار و نظریات: پنجاب کی ڈائری