جمہوریت پسندی!

فرحان منہاج

آجکل سب کا موضوع جمہوریت پسندی ہے. اور اس میں وہ سب رضا ربانی کا نام لے رہے ہیں ـ یعنی یہ بیانیہ بنایا جارہا ہے کہ جو رضا ربانی کے حمایتی ہیں وہ جمہوری ہیں جو ان کے مخالف ہیں وہ جمہوریت دشمن ہیں. اس صورتحال کے بعد مجھے جمہوریت پسندی کی کھوج لگانے کی جستجو ہوئی.

جمہوریت جمہور سے ہے اور جمہور کا مطلب عوام ہے. میرے ذہن میں پہلا خیال آیا کہ جمہوریت پسند وہ ہے جس کو سب سے زیادہ عوام کا خیال ہے اور جمہور کی خاطر قربانی دینے والا کوئی شخص ہے.

اس خیال کو لیکرمیں نے.جمہور کاتجزیہ کیا تو مجھے نظر آیا کہ جمہور کو سستا انصاف نہیں مل رہا ـ جمہور کے پاس روزگار نہیں ـ جمہور عدم تحفظ کا شکار ہے ـ جمہور کو سستی صحت کی سہولیات نہیں مل رہی ـ جمہور کو مفت معیاری تعلیم نہیں مل رہی ـ جمہور کے بنیادی مسائل حل نہیں ہورہے ـ

ان سب باتوں کے بعد میں نے جمہوریت پسند کی طرف دیکھا کہ رضا ربانی جو جمہوریت کے علمبردار ہیں انہوں نے ان سب کے لیے کتنی جدوجہد کی. کیا کیا کوششیں کی کس کس محاذ پر جمہور کے بنیادی حقوق کے لیے ریاست اور ریاستی اداروں کو جنجھوڑا نہ صرف جنجھوڑا بلکہ ان اداروں کو گریبان سے پکڑا.

لیکن مجھے کچھ بھی نظر نہیں آیا مجھے مایوسی ہوئی. میں نے پھر سوچا شاید جمہوریت پسندی اسکو نہیں کہتے.پھر میں نے سوچا شاید جمہوریت پسندی جمہور کی امانت میں خیانت روکنے کو کہتے ہیں.ریاست ، ریاست کا پیسہ، ریاست کی حکمرانی یہ جمہور کی امانت ہوتی ہے جو حکمرانوں کو دی جاتی ہے.

اب میں نے نظر دوڑائی کہ ریاست کا پیسہ لوٹا گیا ـ آئین اور قانون کو گھر کی لونڈی بنایا گیا ـ ریاستی طاقت کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کیا گیا ـ حکمرانوں نے ریاست کے اہم عہدوں پر اپنے درباری بٹھائے جمہور کی امانت میں خیانت کی اربوں ڈالر ملک سے باہر لے گئے رضا ربانی کی اپنی جماعت پر بد ترین کرپشن کے الزام ہیں.

اب میں نے دیکھا کہ رضا ربانی نے اس پر کتنی جدوجہد کی کتنی آواز اٹھائی اور کتنوں کا گریباں پکڑا تو مجھے اس پر بھی سرسری بات نظر آئی جبکہ مجھے ان کی جماعت میں بھی یہ بات کہیں نظر نہیں آئی کہ رضا ربانی نے گھن گرج کے ساتھ کہا ہو کہ جس جس نے جمہور کی امانت سے خیانت کی ہے اسے باہر نکالا جائے تو باوجود کوشش کے مجھے کہیں بھی یہ بات بھی نظر نہیں آئی.

مجھے جمہور کے حقوق کے لیے اور جمہور کی امانت میں خیانت پر ان کی آواز دبی دبی نظر آتی ہے مگر ہاں فوج کے خلاف بولنے ، سیاستدانوں کو جب کرپشن پر سزا ہونے لگیں مجھے ان کی چیخیں نظر آتی ہیں ـ ہاں اقتدار کے حصول کے لیے ان کی آواز بلند ہوتی اور ان کی جدوجہد نظر آتی ہے.تو شاید میرا خیال درست نہیں کہ جمہوریت جمہور کی بات کو کہتے ہیں ـ

#ضرب_تحریر


افکار و نظریات: جمہوریت پسندی